اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے کہا ہے کہ عامر لیاقت ان تمام افراد سے معافی مانگے، جن پر انہوں نے الزامات لگائے۔پیمرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیمرا اتھارٹی کے 127 ویں اجلاس میں نجی ٹی وی ’بول‘ کے اینکرعامر لیاقت حسین کے خلاف شکایات کے حوالے سے سپریم کورٹ کی ہدایات پر سندھ اور لاہور کی مشترکہ کونسلز کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں
رار دیا گیا کہ عامر لیاقت حسین پیمرا آرڈیننس 2002، ترمیمی آرڈیننس 2007، پیمرا رولز 2009 اور الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نفرت انگیز مواد نشر کرنے کے مرتکب ہوئے۔بیان میں کہا گیا کہ عامر لیاقت حسین نے’بول‘ ٹی وی کے پروگرام’ایسا نہیں چلے گا‘ میں نفرت انگیز مواد نشر کرتے ہوئے افراد پر الزامات لگائے، اس لیے اب انہیں اسی ہی پروگرام میں ان ہی اوقات میں تمام متاثرہ افراد کا نام لے کر ان سے غیر مشروط معافی مانگنی پڑے گی۔پیمرا نے ہدایات جاری کیں کہ معافی نامے کو ٹی وی چینل پر تحریری صورت میں بھی چلایا جائے۔پیمرا نے نجی ٹی وی چینل کو آئندہ اس طرح کا نفرت انگیز مواد نشر نہ کرنے کا حلف نامہ بھی 31 مارچ شام 4 بجے تک جمع کرانے کی ہدایت کی، اور حکم دیا کہ جرمانے کے 10 لاکھ روپے بھی جمع کرائے جائیں۔پیمرا کے مطابق حکم عدولی کی صورت میں ٹی وی چینل اور اینکر پر یکم اپریل کو پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔یاد رہے کہ پیمرا کو مذکورہ پروگرام اور اینکر کے خلاف سیکڑوں شکایات موصول ہوئی تھی، جنہیں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی شکایات کونسلز کو ضروری کارروائی کے لیے بھجوایا گیا۔جون 2016 میں بھی پیمرا کی جانب سے عامر لیاقت کی میزبانی میں نجی ٹی وی جیو انٹرٹینمنٹ کے پروگرام ‘انعام گھرپر تین روز کی عارضی پابندی عائد کی گئی تھی۔