لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) بالائی علاقوں میں پھر آسمان سے برف کے گالے گرنے لگے۔ ہنزہ ،ب ابو سر ٹاپ، بٹو گاہ ٹاپ اور نیاٹ ویلی میں برف باری نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔ آزاد کشمیر کے علاقے نکیال میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پنجاب کے بیشترعلاقوں میں ہلکی بارش اور رم جھم نے موسم کا مزاج بدل دیا۔لاہور اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود جبکہ ہلکی سردی بھی
رنگ دکھانے لگی۔ فیصل آباد میں بھی بادلوں اور سورج میں آنکھ مچولی جاری ہے جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بوندا باندی نے موسم کی رنگینی بڑھا دی۔موسم کی خبر دینے والوں نے بالائی پنجاب ، بالائی خیبر پختوخوا، اسلام آباد، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔