اسلام آباد (این این آئی) ترجمان پی آئی اے نے سوشل میڈیا میں گردش کرنیوالی ویڈیو کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویڈیو چند سال پرانی ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی وثوق سے کہی جا سکتی ہے کیونکہ ویڈیو میں دکھائے گئے گلاس اور ان پر پرنٹ کیا گیا لوگو پی آئی اے نے کئی سال پہلے ہی ترک کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس بوئنگ 737۔300 طیارے میں یہ ویڈیو ریکارڈ کی گئی
اس کو پی آئی اے نے 2014 ء میں ہی گراؤنڈ کر دیا تھا جبکہ پرواز نمبر PK۔207 جس کا ذکر کیا گیا ہے اس کو 2015 ء میں ختم کر دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ویڈیو میں نظر آنیوالا سینئر پرسر2014 ء میں ریٹائر ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات افسوسناک ہے کہ کچھ لوگ اس ویڈیو کے ذریعے پی آئی اے کو موردالزام ٹھہرانے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے پی آئی اے کے کھانوں کے حفاظتی معیار پر سوال اٹھ رہے ہیں۔