اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)فکسنگ سکینڈلز سے پریشان پی سی بی نے انتہائی اقدام اٹھاتے ہوئے کھلاڑیوں کے موبائل فون کالز ٹیپ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تمام کھلاڑیوں کو سخت وارننگ جاری کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق فکسنگ سکینڈلز سے پریشان پی سی بی حکام نے پی ایس ایل کے لاہور میں فائنل کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کر لی ہے،
پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے انتہائی اقدام اٹھاتے ہوئے کھلاڑیوں کو مخصوص نمبر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کھلاڑیوں کو مشکوک لوگوں سے دور رہنے اور بات کرنے سے سختی سے منع کر دیا گیا ہے، پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے کھلاڑیوں کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مشکوک سرگرمی میں ملوـث کھلاڑی کےخلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات دراصل لاہور کے بکیز سے کھلاڑیوں کو دور رکھنے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں جبکہ کرکٹ پنڈتوں نے بھی خدشہ ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان سپر لیگ فائنل میں سٹے بازی یا جوئے میں کھلاڑی ملوث پائے گئے تو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا خواب شاید پھر کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے اور پاکستانی کرکٹ دم توڑ جائے گی۔