اسلام آباد(این این آئی) اقتصادی تعاون تنظیم کے سینئر حکام کا افتتاحی اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری کو ای سی او کے سینئر حکام کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ سینئر حکام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعزاز چودھری نے کہا کہ پاکستان ای سی او کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ سی پیک منصوبہ خطے کے ترقیاتی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پاک چین اقتصادی راہداری صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ ای سی او کے دیگر رکن ممالک کے لیے مفید ثابت ہو گی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہو گا۔ای سی او کے تحت کابل میں افغانستان کے حوالے سے کانفرنس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اس سے پہلے ای سی او کے سیکریٹری جنرل خلیل ابراہیم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ اجلاس کےانعقاد کا مقصد خطے میں استحکام کا حصول ہے۔