اسلام آباد (نیوز ڈیسک)محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ رواں سال 15لاکھ ٹن آم کی برآمد کئے جائینگے جبکہ کینو کے حالیہ برآمدی سیزن کے دوران 3لاکھ ٹن کینو کے برآمدی ہدف کے حصول سے 200ملین ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ حاصل ہونے کا امکان ہے ۔ ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید کی بروقت مداخلت اور خصوصی دلچسپی کی وجہ سے پھلوں کی مکھی کے مسئلہ پر قابو پایا جاچکا ہے جس سے پھلوں کی ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس روس اور یورپ نے بھارت سے ترشاوہ پھلوں اور آم کی درآمدات پر پھلوں کی مکھی کے مسئلہ کی وجہ سے پابندی عائد کی تو اس سے پاکستان کیلئے بھی خطرات پیدا ہوئے تھے تاہم وزیر زراعت کی خصوصی دلچسپی سے اس مسئلہ پر قابو پایا جا چکا ہے اور پھلوں کی مکھی کے مسئلہ کے خاتمہ کیلئے 227.61ملین روپے کے لاگت سے ایک خصوصی منصوبہ شروع کیا گیاہے ۔ ترجمان نے کہا کہ چارسالہ خصوصی منصوبہ کے تحت صوبہ پنجاب میں پھلوں کے کاشتکاروں کو پھل کی مکھی کے خاتمہ کیلئے زرعی ادویات اور کیمیکلز 50فیصد سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے ۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں