اسلام آباد (آئی این پی) وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے پنجاب میں رینجرز کو وہی اختیارات دینے کی منظوری دی ہے جو انہیں صوبہ سندھ میں حاصل ہیں، اسی وجہ سے اختیارات دینے کے نوٹیفکیشن دینے میں دو دن کی تاخیر ہوئی ۔ باخبر ذرائع کے مطابق پنجاب ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی سفارش کی گئی تھی اور اس کی سمری وزرارت داخلہ کو بھجوائی گئی ۔اس اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، بھی شریک تھے
جبکہ اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے تھے اور متفق طور پر رینجرز کو اختیارات دینے کی سفارشات تیار کی گئیں تھیں ۔ تاہم ان سفارشات میں یہ بات شامل نہیں تھی کہ رینجرز کو پنجاب میں وہی اختیارات دیئے جائیں جو سندھ میں پہلے سے ہی ان کے پاس ہیں ۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے دو دن تک اس معاملہ پر سوچ بچار کی اور انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے پنجاب میں رینجرز کو وہی اختیارات دینے کا فیصلہ کیا جو سندھ میں رینجرز کو حاصل ہیں