شارجہ (آئی این پی ) انگلینڈ کے ون ڈے کپتان اوئن مورگن نے پاکستان سپر لیگ میں اپنی پشاور زلمی کی کٹ شوکت خانم کینسر اسپتال میں زیرعلاج بچوں کے لیے عطیہ کردی ۔ اس کٹ کی نیلامی کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم اسپتال کے حوالے کردی جائے گی۔ اوئن مورگن نے پاکستان سپر لیگ میں چھ میچز کھیلے ہیں جس کے بعد وہ وطن واپس جارہے ہیں۔ انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے
سیریز میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنی ہے۔ وطن واپسی سے پہلے مورگن نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وہ شوکت خانم ہسپتال میں علاج کرانے والے ان بہادر بچوں کے لیے اپنی کٹ عطیہ کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ پشاور زلمی فاؤنڈیشن نے شوکت خانم اسپتال میں سرطان کا علاج کرانے والے بیس بچوں کو پاکستان سپر لیگ کے پہلے مرحلے میں دبئی مدعو کیا تھا۔ ان بچوں نے پشاور زلمی کھلاڑیوں سے ملاقاتیں کی تھیں اور کچھ وقت ان کے ساتھ گزارا تھا۔ پشاور زلمی نے گزشتہ سال پشاور کے آرمی پبلک سکول کے طلبہ کو بھی پاکستان سپر لیگ میں مدعو کیا تھا۔