ایتھنز(آئی این پی)یونان کی فوج نے کہا ہے کہ بحیرہ ایجیئن میں ترک گشتی دستوں کی ایک کشتی نے یونانی سمندری حدود میں داخل ہو کر ہوائی فائرنگ کی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونانی فوج نے اپنے ایک بیان میں ترکی کی طرف سے اس خلاف ورزی کو سنگین قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ اس واقعے کے بعد یونانی بحریہ نے بحیرہ ایجیئن میں اپنی گشت بڑھا دی ہے۔
دوسری جانب ترک حکام نے جمعرات کی رات مشتبہ نقل و حرکت کے تناظر میں ایک انتباہ بھی جاری کیا تھا۔ ترک حکام کے اس انتباہی دعوے کو یونانی فوج نے مسترد کر دیا ہے۔ رواں برس جنوری میں بحیرہ ایجیئن کے ایک چھوٹے سے جزیرے کے قریب یونانی اور ترک جنگی بحری جہاز بھی آمنے سامنے آ گئے تھے۔