اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی، لاہور، پشاور اور سہون شریف کے بعد جڑواں شہروں اسلام آباد اورراولپنڈی میں خودکش حملہ آور کے داخل ہونے کی اطلاعات پرسیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے ہائی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اسامہ ولد محمد علی محمد نامی خودکش حملہ ٰآور جڑواں شہروں میں خودکش حملے کی کارروائی
کیلئے روانہ کردیا گیا ہے اس لئے تمام اداروں کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی تاکید کی جا رہی ہے۔ہائی الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسامہ اور اس کا بھائی پشاور میں زیر تعلیم تھے جبکہ کوئٹہ میں موجود غزالی نامی شخص مبینہ طور پر ان کا سہولت کار ہے۔ذرائع کے مطابق ہائی الرٹ جاری ہونے کے بعد راولپنڈی ہائیکورٹ، ضلعی عدالتوں، پولیس لائنز اور بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سمیت اہم عمارتوں کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔