دبئی (آئی این پی ) پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی میدان میں کچھ نہ کچھ مختلف انداز اختیار کر کے سب کی توجہ اپنی جانب حاصل کرنے کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران ڈیرن سیمی نے حسن علی کی گیند پر سلپ میں بابر اعظم کا کیچ لینے کے بعد اس کا جشن منفرد انداز میں اس طرح منایا کہ پشاور زلمی کے تمام کھلاڑیوں کو اپنے گرد جمع کرکے یہ ظاہر کیا کہ جیسے وہ سب کھلاڑیوں کے ساتھ سیلفی بنارہے ہیں حالانکہ ان کے ہاتھ میں موبائل نہیں
تھا لیکن دیکھنے والے ان کے سیلفی بنانے کے اس انداز سے بے حد محظوظ ہوئے۔ واضح رہے کہ ڈیرن سیمی نے گذشتہ سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل جیتنے کے بعد کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں جذباتی تقریر کرکے سب کو چونکا دیا تھا۔ اس تقریر کے بعد وہ ویسٹ انڈیز ٹیم سے باہر ہو چکے ہیں لیکن ان کی اسی جذباتی تقریر اور ویسٹ انڈین ٹیم کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں شاہد آفریدی نے پشاور زلمی کی قیادت ڈیرن سیمی کے سپرد کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ پشاور زلمی کی طرف سے کھیلتے ہوئے ڈیرن سیمی پشتو زبان بھی سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں اور مختلف اوقات میں وہ پشتو میں بھی ٹویٹ کرتے رہے ہیں۔
Staso tolo zalmo dera dera manana da dumra meenay. Za der khushala yum che zamong pukhtana dumra qadarmand di. Pekhawar la ba zarur darzama
— Daren Sammy (@darensammy88) February 11, 2017