مکہ مکرمہ (آئی این پی)پٹرول چھڑکنے کے واقعے کے بعد بیت اللہ کے متاثرہ حصے کی صفائی کردی گئی , مسجد الحرام میں پٹرول چھڑکنے کے واقعے کے بعد بیت اللہ کے متاثرہ حصے کی صفائی کردی گئی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک وڈیو کلپ گردش میں رہا جس میں مسجد الحرام میں متعدد ورکر بیت اللہ کی بیرونی نچلی دیوار (شاذروان) کو دھو کر صاف کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
اس سے قبل مسجدالحرام کی سکیورٹی فورس نے پیر کے روز مطاف میں ایک شخص کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بارے میں معلوم ہے کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔ اس شخص نے خانہ کعبہ کے بالکل قریب کھڑے ہو کر خود پر پٹرول چھڑکا تھا۔مسجد الحرام کی انتظامیہ کے مطابق صفائی کے ذمے دار منتظمین نے خانہ کعبہ کے مذکورہ حصے کی دھلائی اور صفائی کی کارروائی کی نگرانی کی۔