راولپنڈی/چترال(آئی این پی)اروند میں چترال اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر برفانی تودہ گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک ایف سی اہلکار سمیت سات افراد جاں بحق دو زخمی ہوگئے،پاک فوج نے چاغی میں ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا جبکہ شیرسال،گرم چشمہ اور چترال میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں،
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اروند کے علاقے میں چترال اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر برفانی تودہ گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک ارشاد نامی اہلکار سمیت سات افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کا چاغی میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے،پی ڈی ایم اے نے ایف سی کی مدد سے 108افراد کو ریسکیو کرکے نوشکئی پہنچا دیا ہے،ایف سی کے دستے امدادی کاموں میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں،پشتو تان،کنڈاوا اور اروند سے فوجیوں کو صبح سویرے ریسکیو کرلیا گیا ہے جبکہ شیرسال،گرم چشمہ اور چترال میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں،موسم ٹھیک ہونے پر آرمی ہیلی کاپٹر ریلیف آپریشن شروع کردیا جائے گا۔دوسری طرف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے