دبئی (آئی این پی )انٹر نیشنل کر کٹ کونسل (آئی سی سی )نے آسٹریلیا کیخلاف پانچویں ون ڈے میں سلو اوور ریٹ کا مرتکب قرار پانے پر پاکستانی کپتان اظہر علی پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی ،اظہر علی کو میچ فیس کا 40 فیصد جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو 20 فیصد میچ فیس جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں مقررہ وقت میں اوورز پورے نہ کرنے پر اظہر علی کو اس پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستان ٹیم مقررہ وقت پر 2 اوور پیچھے تھی۔ ان پر یہ الزام فیلڈ امپائرز سیمن فرائے اور شمس الدین، تھرڈ امپائر کرس گیفنی اور فورتھ آفیشل سیم نوگاسکی کی جانب سے عائد کیا گیا۔ اپریل میں دورہ ویسٹ انڈیز تک اگر اظہر کپتان برقرار رہے تو وہ پہلا میچ نہیں کھیل پائیں گے۔12 ماہ کے اندر دوسری بار سلو اوور ریٹ کے مرتکب قرار پانے پر اظہر علی کو معطلی کی سزا دی گئی، اس سے قبل 31 جنوری 2016 کو نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں سست رفتار بولنگ کی وجہ سے انہیں 20 فیصد میچ فیس کا جرمانہ ہوا تھا جبکہ اس سے قبل نومبر میں نیوزی لینڈ کیخلاف ہیملٹن ٹیسٹ میں اسی غلطی پر پوری میچ فیس سے ہاتھ دھونے پڑے تھے جب وہ مصباح الحق کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔اظہر علی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں مشکلات کا شکار رہے، پہلے میچ میں وہ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے اور 24 رنز سکور کئے، اسی سبب دو میچز نہ کھیل پائے جبکہ آخری دو ون ڈے مقابلوں میں بالترتیب 7 اور 6 رنز ہی بنا پائے۔واضح رہے کہ اظہر علی کو میچ فیس کا 40 فیصد جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو 20 فیصد میچ فیس جرمانہ بھی عائد کیا گیا