لاہور(آئی این پی)جمہو ری وطن پارٹی کے سر براہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں سے اتحاد ہوسکتا ہے ‘(ن) لیگ کی حکومت گر انیوالے کسی احتجاج اور دھر نہ میں شر یک نہیں ہوں گے ‘کر پشن کے خاتمے کیلئے ہم بھی آواز بلند کرتے ہیں ‘وزیر اعظم نوازشر یف کو بلوچیوں سے کیے جانیوالے وعدوں کو پورا کر نا ہوگا ۔
اتوار کے روز گفتگو کرتے ہوئے جمہوری وطن پارٹی کے سر براہ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کے قیام کیلئے افواج پاکستان کا اہم کردار ہے مگر وہاں کی صوبائی حکومت نے عوام سے جو وعدے کیے انکو پورانہیں کیا جسکی وجہ سے آج بھی احساس محرومی موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان میں کوئی بیرونی مداخلت ہو رہی ہے تو اس کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر نا حکومت کی ذمہ داری ہے ہم پاکستان کے آئین اور قانون کو تسلیم کرتے ہیں اور جمہو ریت کیساتھ ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں شاہ زین بگٹی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں سے اتحاد ہوسکتا ہے مگر اس بارے فیصلہ وقت آنے پر ہی کیا جائیگا ۔