ایڈمبرا(این این آئی)اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے کہاہے کہ انہیں برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج سے متعلق منصوبے کی بابت زیادہ علم نہیں ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ بات ’ناقابل قبول‘ ہے کہ لندن حکومت اس سلسلے میں اپنے منصوبے سے آگاہ نہیں کر رہی۔ اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر، جو بریگزٹ ریفرنڈم کے وقت یورپی یونین میں رہنے کی مہم میں پیش پیش رہی ہیں، نے کہا کہ برطانیہ کو یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات میں امیگریشن کے معاملے پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے، دیگر معاملات کو اہمیت دینا چاہیے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں انہیں حکومتی منصوبے کے متعلق زیادہ علم نہیں ہے۔