لندن(آئی این پی)برطانوی ملکہ الزبتھ اپنے ہی گارڈ کی گولی لگنے سے بال بال بچ گئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق90 سالہ ملکہ الزبتھ گزشتہ رات تین بجے بکنگھم پیلس میں چہل قدمی کر رہی تھیں کہ وہاں تعینات گارڈ نے اندھیرے میں کسی مشکوک شخص کی موجودگی کے شبےمیں اونچی آواز میں الرٹ کیا اور اونچی آواز میں چلایا کہ وہاں کون موجود ہے۔ اس موقع پر اس نے اپنی بندوق سیدھی کرکے ملکہ پر تان لی۔ تاہم اسے یہ معلوم نہیں تھا کہ اس نے جس ہیولے پر اپنی گن تانی ہے وہ کوئی اور نہیں، ملکہ برطانیہ ہیں جو نیند نہ آنے کی وجہ سے اتنی رات گئے چہل قدمی کرنے نکلی تھیں۔ بکنگھم پیلس کے اس گارڈ نے ملکہ کے روبرو انکشاف کیا ہے کہ وہ گولی چلانے ہی والا تھا۔ اس موقع پر ملکہ برطانیہ نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ میں آئندہ چہل قدمی کرنے سے پہلے آگاہ کر دیا کروں گی تا کہ اسے گولی مارنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔