بیجنگ(آئی این پی )چین پاکستان میں مٹیاری سے لاہور تک پہلی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا عمل رواں ماہ شروع کردے گا،1.5ارب ڈالرز کی لاگت سے مکمل کی جانے والی ٹرانسمیشن لائن 4ہزار میگاواٹ صلاحیت کی حامل ہوگی ۔ معروف چینی اخبار شنگھائی ڈیلی کے مطابق ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا عمل 20ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا ، سب سے زیادہ استعداد کار کی حامل ٹرانسمیشن لائن پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہوگا جو کہ مٹیاری اور لاہور کے مابین قائم کیا جائے گا۔
پاکستان کو گزشتہ کئی سالوں سے توانائی کی قلت کا سامنا ہے جس کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سامنا رہتا ہے ،حکومت پاکستان نے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے ،لوڈشیڈنگ کو اوقات کار کے مطابق کرنے کا نظام وضع کیا ہے تاہم ابھی بھی پیداوار میں کمی اور بجلی کی تقسیم کار میں کچھ مسائل موجود ہیں ۔چین کی جانب سے مٹیاری تا لاہور ٹرانسمیشن لائن کی سرمایہ کاری بڑا منصوبہ ہے جو کہ زیادہ تر پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت مکمل ہوگا ۔