حلب(این این آئی)روس، ترکی اور ایران کے وزرائے خارجہ کی شامی شہر حلب کے موضوع پر ہونیوالی ملاقات منسوخ کردی گئی،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس ملاقات میں حلب سے انخلاء کا عمل مکمل ہونے کے بعد کی صورتحال پر غور کیاجانا تھا تاہم ترک وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انقرہ میں روسی سفیر کی ہلاکت کے بعد یہ ملاقات منسوخ کردی گئی،ماسکو میں ہونے والے اس بات چیت میں ایک دوسرے کا موقف سناجاناتھا۔ دوسری جانب حلب سے عام شہریوں اور باغیوں کے انخلا کا عمل جاری ہے اور اب تک ہزاروں افراد وہاں سے نکل گئے ہیں۔ تاہم اصل تعداد کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں۔روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنے ایرانی ہم منصب حسن روحانی سے کہا ہے کہ روس اور ایران مل کر شامی تنازعے کا حل تلاش کر سکتے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں شام کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کریملن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق کوشش کی جائے گی کہ جلد از جلد اس بحران پر قابو پا لیا جائے۔ روسی صدر شام میں قیام امن کی خاطر مذاکرات کا ایک نیا دور شروع کرنا چاہتے ہیں۔