اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی۔ تحریک التواء سانحہ کوئٹہ کمشن رپورٹ پر جمع کرائی گئی ہے جس میں مطالبہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں سانحہ کوئٹہ کمشن رپورٹ پر بحث کرائی جائے ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرائی ۔ تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری اور منزہ حسن نے قومی اسمبلی میں جمع کرائی۔ تحریک التواء میں وفاقی وزیر داخلہ کی کالعدم تنظیموں سے ملاقات کا معاملہ اٹھایا گیا ہے ۔
تحریک کے متن میں کہا گیا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کمشن رپورٹ میں وزیر داخلہ کی ناکامی کا ذکر کیا گیا ہے اور حکومت کے انفراسٹرکچر میں خامیوں کا ذکر بھی کمیشن رپورٹ میں کیا گیا ہے ۔ تحریک التواء کے متن میں مزید درج ہے کہ سانحہ کوئٹہ کمشن رپورٹ میں حکومت بلوچستان کی ناکامی اور سیاسی قیادت کی کرپشن کا ذکر ہے کرپشن کے باعث دہشتگردوں کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی۔ تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کمشن رپورٹ انتہائی اہم ہے قومی اسمبلی کی کارروائی روک کر کوئٹہ کمشن رپورٹ پر بحث کرائی جائے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی کے مطابق عسکریت پسندوں سے میٹنگز کے معاملہ پر حکومت دبائو میں ہے۔ پاکستان کی اپوزیشن پارٹی نے کالعدم تنظیموں سے ملاقات کے معاملہ پر پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اب سپیکر فیصلہ کریں گے کہ وہ رپورٹ پر بحث کیلئے سپیشل میٹنگ کی درخواست تبدیل کرتے ہیں یا نہیں۔