کراچی/راولپنڈی (این این آئی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے ٗ شہر کی سکیورٹی کا ملک کے کاروباری ماحول اور معاشی سرگرمیوں پر براہ راست اثرہوتا ہے ٗ آپریشنزکے دور ان حاصل ہونے والی کامیابیوں کو ضائع نہیں ہونے دینگے ٗ پائیدار امن کے حصول تک آپریشنز جاری رکھے جائینگے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کو کور ہیڈکوارٹرز اوررینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا آرمی چیف کو فارمیشن کی پیشہ وارانہ تیاری اور سندھ بالخصوص کراچی کی سکیورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔بریفنگ کے دور ان آپریشنز میں اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر خاص طور پر توجہ مرکوز رکھی گئی جنرل قمر جاوید باجوہ نے امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری پر آرمی ٗ رینجرز ٗ قانون نافذ کر نے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کوسراہا ۔
انہوں نے کہاکہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور شہر کی سکیورٹی کا ملک کے کاروباری ماحول اور معاشی سرگرمیوں پر براہ راست اثرہوتا ہے۔آرمی چیف نے آپریشن کے دور ان اب تک ہونے والی کامیابی کو مستحکم کر نے اور دہشتگردوں کے سلیپر سیلز سمیت ان کی باقیات کو بلا امتیاز ختم کر نے کے عزم کا اظہار کیا جنرل قمر جاوید باجوہ نے خاص طورپر امن کی جانب اس سفر میں کراچی کے عوام کی حمایت اور قربانیوں کوسراہا ۔انہوں نے کہاکہ آپریشنز کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں کو ضائع نہیں ہونے دینگے اور پائیدار امن کے حصول تک آپریشنز جاری رکھے جائینگے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے امن کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت اقدامات کی غرض سے سول اور ملٹری انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مرکوز اور مربوط کوششیں کریں۔آمی چیف نے کہاکہ منظم جرائم کے خلاف اور پائیدار امن کیلئے پاکستان آرمی قانون نافذ کر نے والے اداروں کی استعداد کار کے فروغ اور تربیت کیلئے صوبائی حکومت کو تمام ضروری معاونت فراہم کرے گی تاکہ طویل مدتی اثرات کا حصول ممکن ہو سکے ۔