واشنگٹن(این این آئی)امریکا نے کہاہے کہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پر 16 دسمبر 2014 کو ہونے والے حملوں میں ملوث ملزمان اورسابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے بیٹے کواغواء کرنے والے عسکریت پسند افغانستان میں ہلاک کیے جاچکے ہیں،غیرملکی خبررساں ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویومیں امریکی جنرل نکولسن نے کہاکہ امریکی انسداد دہشت گردی فورس نے مشرقی افغانستان میں کارروائی کرکے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کو بازیاب کراتے ہوئے پانچ امیروں سمیت 20 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، انہوں نے کہاکہ افغانستان میں ایک آپریشن میں اسلامک جہاد یونین کے امیر حامد اللہ اور طارق گیڈر گروپ کے امیر عمر خلیفہ کو بھی ہلاک کیا گیا۔ایک سوال کے جواب میں جنرل نکولسن کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ ورک تاحال امریکا، اس کے اتحادیوں اور افغانستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔