اسلا آباد( آن لائن ) جنوبی کوریا کی معروف کمپنی ’’کیا موٹرز‘‘ نے پاکستان میں اپنا پلانٹ لگانے کا اعلان کیا ہے جس سے مارکیٹ میں گاڑیاں سستی ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے اچھی خبرسامنے آگئی ہے کیونکہ جنوبی کوریا کی معروف کمپنی ’’کیا موٹرز‘‘ 12 ارب روپے کی لاگت سے پاکستان میں گاڑیوں کا پلانٹ لگارہی ہے۔ اس سے قبل جرمنی کی معروف کار سازکمپنی ’’اوڈی‘‘ اور فرانسیسی کمپنی ’’رینو‘‘ بھی پاکستان میں اپنی گاڑیوں کے پلانٹ لگانے کا اعلان کرچکی ہیں جب کہ رینو نے تودعویٰ کیا ہیکہ وہ 2018 میں پاکستان میں گاڑیاں اسمبل کرنا شروع کریں گے۔ماضی میں بھی جنوبی کوریا کی کمپنی’’کیا موٹرز‘‘ نے پاکستان میں کاروں کی اسمبلنگ کا آغاز کیا تھا تاہم فروخت میں واضح کمی کے باعث مینوفیکچرنگ روک دی گئی تھی۔ موٹرمارکیٹنگ سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں پلانٹ لگانے کے بعد گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔