لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف نے پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ تحریک انصاف کی رہنماء عندلیب عباس نے شیراز ذکاء ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں جبکہ پاکستان میں پرانی قیمتیں برقرار رکھی جا رہی ہیں،
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات پر غیرقانونی طور پر سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے جو کہ عوام پر بوجھ ہے، درخواست میں قانونی نکتہ اٹھایا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس عائد کرنے سے قبل پارلیمنٹ سے اس کی منظوری نہیں لی گئی لہٰذا پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی وصولی روکنے کا حکم دیا جائے۔
عوامی حلقوں کاکہناہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کرکے وفاقی حکومت ہمارے ساتھ زیادتی کررہی ہے اورحکومت ٹیکس لیتی ہے لیکن اس کے بدلے ہمارے لئے کوئی قابل ذکراقدامات نہیں کررہی ہے ۔