سکھر/خیرپور (آن لائن) پاکستان میں متعین امریکی قونصل جنرل گریس شلٹن نے کہا ہے کہ پاکستان میں تاریخی اور ثقافتی مقامات اہمیت کے حامل ہیں کوٹ ڈیجی قلعہ کا طرز تعمیر ،یہاں کی ثقافت اور دستکاری اپنا الگ مقام رکھتی ہے صوفی بزرگ حضرت سچل سرمست کے کلام کو سن کر وجدانی کیفیت پیدا ہوتی ہے نئے منتخب امریکی صدر ٹرمپ ابھی صدر ہاؤس میں نہیں آئیں ہیں جب آئیں گے تو امریکی پالیسی وضح ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے وفد کے ساتھ خیرپور پہنچ کر کوٹ ڈیجی قلعے کا تفصیلی معائنے کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔قونصل جنرل گریس شلٹن نے کہا کہ آج یہاں کوٹ ڈیجی قلعے کی سیر کرنے کا موقع ملا قلعے کی طرز تعمیر ،تاریخ، ثقافت اور سندھی تہذیب میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کوٹ ڈیجی قلعے کو دیکھ کر بڑی خوشی ہورہی ہے اور صوفی بزرگ حضرت سچل سرمست کے امن اور محبت کے پیغام پر مبنی کلام سن کر اچھا محسوس کررہی ہیں.
انہوں نے کہاکہ اسلامی کتابیں پڑھتی ہوں جس سے قلبی سکون ملتاہے اوراسلام ایک امن کادین ہے ۔ اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے آئے ہوئے مہمانوں کو خیرپور کی تاریخ، ثقافت، تہذیب ،رہن سہن، رسم و رواج کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد سلیم راجپوت، اے ڈی سی ٹو ریاض حسین وسان، آئی آر سی کی میڈم صادقہ صلاح الدین اور وفد کے دیگر اراکین اس موقع پر موجود تھے۔ امریکی قونصل جنرل گریس شلٹن نے آئی آر سی کے خزانہ سینٹر کا دورہ کیا اور دستکاری ، ثقافتی ملبوسات میں خاص دلچسپی لیتے ہوئے خزانہ سینٹر میں قائم ہنری تربیت سینٹر کا دورہ کیا اور سندھ کی ثقافت کے بارے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا