اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد نواز شریف نے اسلام آباد کے نئے ہوائی اڈے کو تمام مطلوبہ سہولیات کے ساتھ حقیقی معنی میں جدید ایئرپورٹ کے طور پر مکمل کر نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے ہوائی اڈے تک آسان اور تیز تر رسائی کو یقینی بنانے کیلئے معیاری رابطہ سڑکیں تعمیر کی جائیں۔ وہ پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر کے حوالہ سے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔
وزیراعظم کو نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے ڈیزائن، رابطہ سڑکوں اور انٹیریئر ڈیزائننگ کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نئے ہوائی اڈے تک آسان اور تیز تر رسائی کو یقینی بنانے کیلئے معیاری رابطہ سڑکیں تعمیر کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنی اندرونی تزئین و آرائش میں ہماری متنوع ثقافت کی نمایاں عکاسی کا حامل ایک جدید ترین ایئرپورٹ ہونا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کا دارالحکومت بجا
طور پر ایک ایسے ایئرپورٹ کا متقاضی ہے جو دنیا بھر میں کسی بھی جدید ایئرپورٹ کا ہم پلہ ہو۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری و ڈی جی ہوا بازی، چیئرمین این ایچ اے، میئر اسلام آباد اور سینئر سرکاری حکام نے شرکت کی۔