اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان میں پاناما لیکس کیس میں وزیراعظم کے بچوں نے وکیل تبدیل کرنے کی درخواست دے دی۔وزیراعظم کے بچوں، مریم نواز، حسن نواز اور حسین نواز کی جانب سے پاناما لیکس کیس میں سینئر قانون دان بیرسٹر اکرم شیخ کی خدمات حاصل کرنے کی درخواست دی گئی اور یہ درخواست ایڈووکیٹ آن ریکارڈ رفاقت حسین کی جانب سے جمع کرائی گئی۔اس سے قبل سپریم کورٹ میں سابق اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کیس میں وزیر اعظم اور ان کے بچوں کا دفاع کررہے تھے۔سلمان اسلم بٹ وزیر اعظم نواز شریف کے وکیل برقرار رہیں گے۔علاوہ ازیں عمران خان نے پاناما لیکس کے حوالے سے اپنے خلاف دائر مقدمے کے لیے وکالت نامہ بھی سپریم کورٹ میں جمع کرادیا جس میں انہوں نے حامد خان کو اپنا وکیل مقرر کیا۔عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف سابق رکن اسمبلی حنیف عباسی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں انہوں نے عمران خان اور جہانگیر ترین کا نام پاناما لیکس میں آنے پر ان کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔حنیف عباسی کی درخواست کی سماعت بھی 15 نومبر کو ہوگی۔