کراچی(این این آئی)شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کر دی گئی ہے۔جبکہ کراچی پریس کلب کے باہر ’’متحدہ قومی جرگہ پاکستان‘‘ کے بینرز لگادیئے گئے ہیں، ان بینرز پر پرویزمشرف کے ساتھ فاروق ستار کی تصاویر بھی نمایاں ہیں،کراچی کے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں رات گئے اچانک سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کر دی گئی، سابق صدر کے
حق میں کی گئی وال چاکنگ میں لکھا گیا کہ ’وی نیڈ‘ یعنی ہمیں آپ کی ضرورت ہے ٗاس کے علاوہ مختلف علاقوں میں سابق صدر کی تصاویر بھی چسپاں کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف سے دبئی میں ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن نے ملاقات کی تھی جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی نے پرویز مشرف سے ملاقات کی تردید کی تھی۔ اس کے علاوہ میڈیا
پر یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ پرویز مشرف ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی کو یکجا کر کے دونوں جماعتوں کے سربراہ بننے کیلئے ان جماعتوں کے رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔سیاسی مبصرین کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ، ایم کیو ایم اور پاک سرزمین پارٹی جلد ہی ایک اتحاد کی صورت میں سامنے آئیں گی۔