اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے کی جانے والی ’ دوستی کی پیشکش‘ پر غور شروع کردیا اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ پی ٹی آئی پاناما گیٹ اور دیگر معاملات پر ساتھ چلنے کی بلاول بھٹو کی پیشکش پر غور کررہی ہے
تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے پارٹی اجلاس میں کیا جائے گا جس کی صدارت چیئرمین عمران خان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی دوستی کی پیشکش پر بلاول بھٹو کی سنجیدگی کا جائزہ لے گی کیوں کہ ایک جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین دوستی کا ہاتھ بڑھارہے ہیں اور دوسری جانب وہ عمران خان کے خلاف بیانات بھی دیتے ہیں۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ دراصل ہم (پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی) پاناما گیٹ کے معاملے پر ایک ہی پیج پر ہیں، ہم نے مشترکہ طور پر ٹی او آرز کو حتمی شکل دی اور پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کی لاہور ریلی میں شرکت بھی کی لیکن اس کے بعد پیپلز پارٹی نے رائے ونڈ اور اسلام آباد کے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تمام اپوزیشن کو جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں پارٹی کو دوبارہ فعال کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لیے اسے ن لیگ کے خلاف دیگر اپوزیشن جماعتوں کی حمایت کی ضرورت ہے۔