نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی دالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی اورسموگ کی سنگین اور بدترین صورتحال کے پیش نظرنئی دہلی کے وزیراعلی اروندکیجرول کی صوبائی حکومت نے 3دن کے لئے تمام سکولوں کو بند کرتے ہوئے پوری نئ دہلی میں سرکاری و غیر سرکار ی جگہوں پر جنریٹرز 10دن جبکہ دہلی میں کنسٹریکشن اور تعمیراتی کام بھی 5دن کے لئے بند کرنے کا حکم دے دیا ۔
بھارتی نجی چینل ’’انڈیا ٹی وی ‘‘ کے مطابق دہلی میں سموگ اور فضائی آلودگی کی بدترین صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر تما م سکول 3دن کے لئے بند رہیں گے جبکہ سرکاری و غیر سرکاری جگہوں پر چلنے والے جنریٹرز بھی 10دن تک نہیں چلائے جائیں گے کیونکہ ان سے فضائی آلودگی بڑھنے میں مدد ملتی ہے ۔کیجریوال حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بدر پور پلانٹ بھی 10دن کے لئے بند رکھا جائے گا تاکہ راکھ نہ اٹھے ،جبکہ سڑکوں پر جھاڑو کی بجائے ویکیوم ساتھ صفائی کی جائے گی اور ویکیوم سے قبل سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا تاکہ دوران صفائی کم سے کم دھول اٹھے ۔
کیجریوال نے دہلی کے عوام کو فضائی آلودگی کے مضمرات سے بچانے کے لئے 5دن کے لئے تمام جاری تعمیراتی کام بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جہاں جہاں تعمیراتی کام جاری ہیں انہیں فی الفور بند کر دیا جائے ۔ اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی بہت زیادہ ہو گئی ہے اور اب کچھ ایمرجنسی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،جب میں یہ کہتا ہوں کہ پڑوسی ریاستوں میں جلائی جا رہی فصل کی وجہ سے ایسا ہو رہا ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ سب کو مل کر اس کا حل نکالنا چاہئے۔انہوں نے دہلی کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ جتنا ہو سکے گھر سے بیٹھ کر کام کریں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ آئیں ،ہم جفت اور طاق فارمولہ کے لئے تیاری شروع کر رہے ہیں، آنے والے دنوں میں یہ نافذ ہو سکتا ہے، اب حالات ایسے ہیں کہ سب کچھ روکنے کی ضرورت ہےتاکہ سموگ کی وجہ سے انسانی زندگیاں بچائی جاسکیں ۔