شکارپور (این این آئی)پیپلزپارٹی کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہم سب ایک ہیں، شیرازی برادران سمیت دیگر کئی اور سیاسی شخصیات جلدپیپلزپارٹی میں شامل ہوں گی۔ ایم کیو ایم کمزور ہوچکی ہے آنے والے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی سے بھی جیتے گی ،آئندہ ملک کے وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے شکارپور سٹی کے وارڈ 7میں کونسلر شمشاد میمن کی جانب سے نساسک کے تعاون سے ہفتہ صفائی مہم کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔امتیاز احمد شیخ نے کہاکہ ڈہرکی میں پونے والا پیپلزپارٹی کاجلسہ کامیاب جلسہ تھا۔ جس کے لیے ڈہرکی اور شکارپور کے عوام کے شکرگزار ہیں جنہوں نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شاندار استقبال کیا ۔ انہو ں نے کہاکہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سندھ کے اندر اچھا کام کررہے ہیں کراچی کے کچھ علاقوں میں کام نہیں ہوئے تھے اب وہ کرائے جارہے ہیں اور شکارپور میں بھی ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جائیں گے اور عوام کے بھلائی کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ صفائی کا کام نساسک کا ہے ان کے جو خدشات ہیں یا اسٹاف کم ہے اس کے لیے وزیر اعلی سندھ سے ملاقات کرکے حل کروائے جائیں گے ، انہوں نے کہاکہ جمانی ہال پمپنگ اسٹیشن کے ڈرینج کا کام میونسپل انتظامیہ کا ہے۔ اگر میونسپل چیئرمین اس سلسلے عدم دلچسپی کریں گے تو پھر ہم سوچیں گے۔ انہو ں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ایک جمہور ی اور ملک کی بڑی پارٹی ہے 2018کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی ہی کامیابی حاصل کرے گی اور ان شاء اللہ وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ شکارپور میں اس وقت کوئی بھی اپوزیشن نہیں ہے۔پیپلزپارٹی کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔ضمنی انتخابات میں مخالف امیدوار اپنی شکست دیکھ کر راتوں رات چلے گئے تھے اور اب انہوں نے ہارنے کے بعد شکریہ کانفرنس منعقد کی ۔مگر عوام ان کو رد کرچکے ہیں ، اس موقع پر پریس کلب کے صدر سلطان احمد رند ، رحیم بخش جمالی ، کونسلر شمشاد میمن ، کونسلر یونس احمد میمن ، بشیر حاجانہ ، اظہر حاجانہ ودیگر بھی موجود تھے ۔ دوسری طرف امتیاز احمد شیخ کی آمد پر وارڈ 30 کے عوام نے منتخب کونسلر امیر بخش بھٹو کی جانب سے عدم دلچسپی اور وارڈ کے عوام سے رابطہ نہ کرنے کی شکایت کی جس کے بعد امتیاز احمد شیخ نے کہاکہ آپ کا کونسلر منتخب ہونے کے بعد غائب ہوگیا ہے میں وارڈ 30 کے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے ظفر شیخ اور وارڈ 7کے کونسلر شمشاد میمن کو ہدایت کروں گا کہ وہ وارڈ 30 کے عوام کے مسائل بھی حل کریں ۔