کراچی(آن لائن)کراچی کے علاقے لیاری میں بزدل دہشت گردوں کا سکول کے بچوں پر دستی بم سے حملہ ، خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہو گئے، چار کی حالت تشویش ناک ہے۔پولیس کے مطابق لیاری سنگولین میں نامعلوم افراد نے نجی سکول کے قریب دستی بم سے حملہ کیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ دھماکے سے 6 بچوں اور دو خواتین سمیت پندرہ افراد زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے چار افراد کی حالت نازک ہے۔واقعہ کے فوری بعد رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ، بزدل دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے ، تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ پولیس نے واقعہ کامقدمہ درج کرلیا ہے۔