کوئٹہ(آئی این پی )آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیرافگن نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا تعلق لشکر جھنگوی سے تھا جنہیں افغانستان سے ہدایات مل رہی تھیں۔ منگل کو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی ایف سی شیرافگن نے کہا کہ رات 11 بجکر 10 منٹ پر پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے کی اطلاع ملی جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر کارروائی کی اور دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ سے کلئیرنگ تک 4 گھنٹے کا وقت لگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی تعداد 3 تھی اور وہ تینوں خودکش بمبار تھے جن کا تعلق لشکرجھنگوی اورالعالمی سے تھا جنہیں افغانستان سے ہدایات مل رہی تھیں۔ آئی جی ایف سے نے مزید کہا کہ کوئیک ریسپانس فورس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشتگرد کو ہلاک کیا جس کے بعد 2 خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں زیادہ شہادتیں ہوئیں۔