سرینگر (این این آئی) جموں و کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیرا علیٰ عمر عبداللہ کو امریکی شہر نیویار ک کے ایئر پورٹ پر روک لیا گیا۔’’دی ٹائمز آف انڈیا ‘‘کے مطابق جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ کوامریکہ پہنچتے ہی امیگریشن حکام نے روک لیا اور دو گھنٹے تک ایئر پورٹ پر بیٹھائے رکھا جس کے باعث انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔اپنے ٹویٹر پیغام میں عمر عبداللہ نے کہا کہ انہیں تین دوروں کے دوران یہ تیسری بار امیگریشن حکام کی جانب سے امریکہ میں روکا گیا ہے اور اس عمل سے میر ی اکتاہٹ بڑھنے لگی ۔۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایئر پورٹ پر دو گھنٹے بیٹھا کر پریشان کیا گیا اور یہ عمل میرے امریکہ جانے پر ہر بار کیا جاتا ہے ۔اپنے ٹویٹر پیغام میں عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ نیویارک یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کیلئے امریکہ میں ہیں مگر میرے ساتھ جو ایئر پورٹ پر کیا گیا اس کے بعد مجھے لگ رہا ہے کہ میں اپنے گھر میں ہی اچھا تھا ۔ ’’میرے دوگھنٹے ضائع کیے گئے ‘‘۔