سرینگر/نئی دہلی (آئی این پی)بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پولیس نے مبینہ طور پر جاسوسی کیلئے سمگل کیے جانے والے150 سے زائد کبوتروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی پولیس نے 150 سے زائد کبوتروں کو کو گرفتار کر لیا ہے جنہیں مبینہ طور پر جاسوسی کیلئے سمگل کیا جا رہا ہے اور اس معاملے کی تحقیقات کا حکم بھی دیدیا گیا ہے۔حکا م کا کہنا ہے کہ پانچ اکتوبر کو پولیس نے وکرم چوک پر تین افراد سے کیلے کے ڈبوں میں چھپائے گئے 150 سے زائد کبوتر برآمد کئے۔ پولیس نے ان افراد کو گرفتار کر کے برآمد ہونے والے کبوتر سیو نامی این جی او کے حوالے کر دئیے ۔ ذرائع کے مطابق این جی او کے چیئرمین نے کچھ شکوک پیدا ہونے پر ڈپٹی کمشنر جموں کو ایک خط لکھا جنہوں نے تحقیقات کا حکم دیا کہ کہیں یہ کبوتر جاسوسی کیلئے تو استعمال نہیں کئے جا رہے تھے۔این جی او کی ایک اہلکار نمراتا ہاخو کے مطابق ان کبوتروں کے پنجوں میں کچھ چھلے تھے جبکہ کچھ مخصوص مقناطیسی چھلے بھی ان کے ساتھ جڑے ہوئے تھے جن کے باعث شکوک و شبہات پیدا ہوئے۔