کراچی(این این آئی)ایک ارب ڈالر کا قرضہ موصول ہونے کے بعد پاکستان کیزرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق غیرملکی سرمایہ کاروں کے ایک ارب ڈالر موصول ہونے کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر ہو گئے ہیں، یہ ایک ارب ڈالر سکوک بانڈز سے حاصل ہونیوالی رقم ہے۔غیر ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں سے اسٹیٹ بینک کے پاس ساڑھے انیس ارب ڈالرکا ذخیرہ ہے جبکہ بینکوں کے پاس پانچ ارب ڈالر ہیں۔وزارت خزانہ حکام کے مطابق پاکستان کے بانڈز کی فروخت میں غیر ملکی مالیاتی اداروں نے بے حد دلچسپی دکھائی ، حکومت نے عالمی مارکیٹ میں ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈز فروخت کیلئے پیش کئے جن کیلئے دو ارب چالیس کروڑ ڈالر کی پیشکشیں موصول ہوئیں ہیں۔انکا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک ارب ڈالرز کے بانڈز فروخت کئے جس کی رقم حکومت کو موصول ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت ان یورو بانڈز کو زرمبادلہ ذخائر میں اضافے اور پرانے قرضوں کی ادائیگی کیلئے فروخت کر رہی ہے، ملکی معیشت میں بہتری کے بلند وبانگ دعوؤں کے باوجود ملک قرضوں کے جال میں پھنستا جارہا ہے، پرانا قرضہ اتارنے کیلئے نیا قرضہ لیا جارہا ہے، غیر ملکی قرضوں کا حجم پینسٹھ ارب ڈالر سے زائد ہے۔