نیویارک (این این آئی)ورلڈ اکنامک فورم نے فن لینڈ کو ایک بار پھر دنیا کا سب سے پر امن ٗ پاکستان کو چوتھا غیر محفوظ ملک قراردیا ہے۔ورلڈ اکنامک فورم نے گلوبل ٹریول اینڈ ٹورازم رپورٹ کے تحت دنیا کے سب سے زیادہ پرامن اور غیر محفوظ ممالک کی فہرست جاری کی جس میں ایک بار پھر فن لینڈ کو سب سے زیادہ پر امن ملک جب کہ پاکستان کو غیر محفوظ ممالک کی فہرست میں چوتھا نمبر دیا گیا ٗرپورٹ میں سیکیورٹی کے حوالے سے فن لینڈ کو 6.7 پوائنٹ دیئے گئے ہیں ٗ فہرست میں پاکستان کو 3.04 پوائنٹ دیئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رہائش کے اعتبار سے سب سے زیادہ پر امن ممالک یورپ ٗ سب سے زیادہ غیر محفوظ ممالک لاطینی امریکا، افریقا، ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں ہیں۔سب سے زیادہ پر امن ممالک میں فن لینڈ کے بعد دوسرا نمبر قطر ٗتیسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات شامل ہے۔ اس کے علاوہ ان ممالک میں آئس لینڈ، آسٹریا، لیکسمبرگ، نیوزی لینڈ، سنگاپور، اومان اور پرتگال شامل ہیں۔ خطرناک ممالک کی فہرست میں نائیجیریا کے علاوہ کولمبیا، یمن، پاکستان، وینزویلا، مصر، گوئٹے مالے، ایل سیلوا ڈور، ہنڈراس اور تھائی لینڈ شامل ہیں جب کہ بھارت غیر محفوظ ممالک کی فہرست میں تیرہویں نمبر پر ہے۔