اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان میں افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے کہاہے کہ افغانستان اقتصادی راہداری منصوبے کی مکمل حمایت کرتاہے اورانہوں نے افغانستان کی طرف سے اس منصوبے کاحصہ بننے کی خواہش بھی ظاہرکردی ۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے افغان سفیرکاکہناتھاکہ اقتصادی راہداری اہم منصوبہ ہے جو صرف پاکستان کے لیے نہیں بلکہ افغانستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے لیے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے، جبکہ جو منصوبہ پاکستان کے لیے اچھا ہوگا وہ پورے خطے کے لیے اچھا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ افغان عوام ترقی دیکھنے کے لیے پیاسے ہیں اور ملک کو خوشحال ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔افغان سفیر نے اقتصادی راہداری کے منصوبے میں افغانستان کو شامل کیے جانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان راہداری منصوبے کی مکمل طور پر حمایت کرتا ہے کیونکہ یہ پراجیکٹ پورے خطے کے لیے سودمند ہے اور افغانستان کے لیے نہایت موزوں ہے۔انہوں نے کہاکہ افغانستان اقتصادی راہداری کے منصوبے میں شامل ہو کر ترقی کرسکتا ہے اور افغانستان میں دہائیوں سے جاری جنگ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرسکتا ہے۔عمرزاخیل کاکہناتھاکہ پاکستان ضرورافغانستان کی خواہش پوری کرے گاکیونکہ افغانستان بھی پاکستان کاایک قریبی ہمسایہ ملک ہے ۔