اسلام آباد(آئی این پی) مشیر خارجہ سر تاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت بغیر ثبوتوں کے پاکستان کو بدنام کرنے پر تلا ہوا ہے اسی پراپیگنڈہ کے تحت بھارت نے پاکستان میں ہونے والی سارک سربراہ کانفرنس منسوخ کروائی، پاکستان اور چائنہ کے درمیان گہرے تعلقات پر مغربی ممالک میں تشویش پائی جاتی ہے، بھارت کے ساتھ جنگ کا خطرہ ٹل چکا ہے مگر مسئلہ کشمیر پر بھارت سے کھچاؤ ہے ، مودی کی وجہ سے بھارت سے تعلقات خراب ہیں ، ہماری خارجہ پالیسی درست سمت جا رہی ہے ۔ وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی جنرل اسمبلی کی تقریر میں کشمیر پر فوکس کیا گیا تھا ۔بھارت بغیر ثبوتوں کے پاکستان کو بدنام کرنے پر تلا ہوا ہے ،اسی طرح بھارت نے پراپیگنڈہ کر کے پاکستان میں سارک سربراہ کانفرنس منسوخ کروائی ۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاک چائنہ گہرے تعلقات پر مغربی ممالک کو تشویش ہے ۔ افغانستان سے تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ میں اپنا کام اطیمنان اور تسلی سے کر رہاہوں ، اپنی سیکیورٹی کو مضبوط کرنا ہماری بڑی کامیابی ہے ۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ ہماری پالیسیاں درست سمت جا رہی ہے ۔مودی کی وجہ سے بھارت سے تعلقات خراب ہیں ۔ بھارت کے ساتھ جنگ کا مسئلہ ٹل چکا ہے مگر مسئلہ کشمیر پر بھارت سے کھچاؤ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کیا تھامگر بھارت اس سٹرائیک کے دعوے اور اڑی حملے کی عالمی سطح پر تحقیقات نہیں چاہتا ۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پچھلے تین ماہ میں ہم نے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے ۔