اسلام آباد( آن لائن ) سیلولر موبائل فون کمپنی ٹیلی نارنے موبائل بینکنگ کے تحت ایزی پیسہ کے ذریعے رقم منتقلی کی حد بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے منظوری دے دی ہے، کمپنی پاکستان میں ای کامرس سمیت بہت سی ویلیو ایڈڈ سروسز متعارف کرانے پرکام کر رہی ہے۔ٹیلی نار پاکستان کے وائس پریزیڈنٹ، چیف فنانشل سروسز آفیس اور ایزی پیسہ کے سربراہ یحییٰ خان نے بتایا کہ ٹیلی نار پاکستان کی ایزی پیسہ سروس 7 سال سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے، گزشتہ 1سال کے دوران ایزی پیسہ کے اکاؤنٹ ہولڈرز کی تعداد میں 4 لاکھ کا اضافہ ہوا، اب ایزی پیسہ صارفین کی تعداد 22 لاکھ ہو گئی جن میں سے اکاؤنٹ ہولڈرز 17 لاکھ ہیں جبکہ باقی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین ہیں جنہیں ایزی پیسہ کے ذریعے رقوم منتقل کی جاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایزی پیسہ کے ذریعے رقم کی منتقلی کا حجم بڑھ کر700 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے جو ملکی جی ڈی پی کے 3 فیصد کے برابر ہے، خواتین کو با اختیار بنانے اور بی آئی ایس پی مستحقین کو رقم صاف و شفاف طریقے سے فراہم کرنے کے لیے ٹیلی نارنے بائیو میٹرک کیش ودڈرال سسٹم متعارف کرادیا ہے جس کاپائلٹ پروجیکٹ بٹگرام میں شروع کردیا گیا ہے اور 6 ماہ تک ملک کے تمام اضلاع میں متعارف کرادیا جائے گا، اس نظام کے تحت بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے صرف بی آئی ایس پی کے اکاؤنٹ ہولڈرز ہی رقم نکلواسکیں گے، ٹیلی نار کی ملک بھر میں 8 ہزار سے زائد بائیومیٹرک ڈیوائسز نصب ہیں۔