اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)کمیونسٹ پارٹی انڈیا کے جنرل سیکرٹری سیتارام یچوری نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، مودی سرکارہوش کے ناخن لے۔بھارتی میڈیا کے مطابق کمیونسٹ پارٹی انڈیا کے جنرل سیکرٹری سیتا رام یچوری نے ایک انٹرویو میں مودی سرکار کو سمجھانے کی کوشش کی کہ پاکستان سے کشیدگی کو مزید ہوا نہ دی جائے، اسلام آباد سے سیاسی اور سفارتی سطح پر بات چیت کا دوبارہ آغاز کیا جائے تاکہ ان معاملات کا کوئی حل نکالا جاسکے۔اس سے پہلے نریندرمودی کے سینئر مشیر نے بھی پاکستان میں اعلی سطح پر رابطہ کرکے اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ بھارت کشیدگی کو مزید بڑھانا نہیں چاہتا۔اڑی واقعے پر منفی پروپیگنڈا کرکے بھارت نے خطے میں کشیدگی کو ہوا دی اور پھر کنٹرول لائن پر سرجیکل اسٹرائیک کا بے بنیاد دعوی بھی کیا۔جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا نے بھی جلتی پر خوب تیل ڈالا ، پاکستان کے حصے کا پانی بند کرنے، سرحد پار مزید حملوں اور اسلام آباد کو ہر محاذ پر تنہا کرنے کا شوشا چھوڑا،لیکن اب بھارت میں سمجھ بوجھ رکھنے والے آواز بلند کررہے ہیں کہ مودی سرکار عقل کے ناخن لے،خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔مودی کی پالیسیوں سے الٹا بھارت عالمی سطح پر تنہا ہو رہا ہے۔