نئی دہلی( این این آئی)بھارتی ماہرین نے اپنے وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان کا پانی بند نہ کرنے کا مشورہ دیدیا ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت پاکستان کا پانی بند کرنے کے حوالے سے ماہرین کا اجلاس ہوا جس میں بھارتی وزیر خارجہ سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان کا پانی بند کرنے کے حوالے سے تمام عوامل کا جائزہ لیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں شریک ماہرین کی اکثریت نے وزیراعظم نریندر مودی کو مشورہ دیا کہ پاکستان کا پانی بند کرنے کی صورت میں چین براہما پترا سے بھارت آنے والا پانی بھی بند کر سکتا ہے لہٰذااس قسم کی غلطی سے گریز کیا جائے۔بھارتی سیکرٹری خارجہ کنول سبھال کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی انتہائی اہم قدم ہو گا ، بھارت کو عالمی سطح پر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے ۔دوسری طرف بھارتی سپریم کورٹ نے سندھ طاس معاہدے کی فوری سماعت سے انکار کر دیا ہے ۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ میں سند ھ طاس معاہدے کی آئینی حیثیت کی فوری سماعت کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پانے والے سندھ طاس معاہدے کے تحت 6 بھارتی دریاؤں کا پانی پاکستان کو مل رہا ہے جبکہ بھارت مسلسل اس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریاؤں پر ڈیمز تعمیر کر رہا ہے اور اس حوالے سے پاکستان بین الاقوامی عدالت سے بھی رجوع کر چکا ہے۔