کھٹمنڈو(مانیٹرنگ ڈیسک)نیپال کے وزیراعظم کھادجا پرساد اولی نے تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ سے پہلے ہی استعفیٰ دیدیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اکتوبر 2015میں منتخب ہونے والے نیپال کے 64 سالہ کھاد جا اولی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ان پروعدے پورے نہ کرنے کا الزام لگا کر تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی۔ مخلوط حکومت کی اتحادی جماعتوں نے الزام لگایاتھا کہ وزیراعظم نے شراکت اقتدار کے وعدے پورے نہیں کئے اس لئے ساتھ نہیں چل سکتے جس پرسابق ماؤباغیوں کی جماعت نے عدم اعتماد کی تحریک دی تھی۔نیپالی وزیراعظم اولی نے استعفیٰ کا اعلان پارلیمنٹ سے خطاب میں کیا۔یاد رہے نیپال کا شمار دنیا کے غریب ممالک میں ہوتا ہے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کھادجا نے بتایا کہ میں اسمبلی میں آنے سے پہلے ہی صدر کو اپنا استعفیٰ پیش کرچکا تھا۔