اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختوانخواہ حکومت ایک بار پھر بازی لے گئی، 20 ہزار تعلیمی اداروں میں ’ون کلک ایس او ایس‘ نظام نصب کر دیا۔ ون کلک سسٹم کی بدولت قانون نافذ کرنیوالے ادارے دہشتگردی واقعات کیخلاف فوری طور پر حرکت میں آ سکیں گے۔تفصیل کے مطابق خیبر پختونخوا میں پولیس نے مستقبل میں آرمی پبلک سکول کی طرز پر دہشت گردی کے حملوں کی روک تھام کے لیے 20 ہزار سے زیادہ تعلیمی اداروں میں ’ون کلک ایس او ایس‘ الرٹ سسٹم نصب کیا ہے‘ اس سسٹم کا دائرہ کار دوسری اہم حساس عمارتوں بشمول بینک، نادرا آفس، جیولری کی دکانوں اور منی چینجرز تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا پولیس کے سربراہ ناصر خان درانی کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک بریفنگ میں آئی جی کو بتایا گیا کہ ایس او ایس الرٹ سسٹم صوبے کے مختلف اضلاع کے 22798 تعلیمی اداروں، 484 بینکوں، 1191 جیولری شاپس، 68 منی چینجرز اور نو نادرا دفاتر میں نصب کیاگیا ہے۔