پشاور(این این آئی)آئندہ مالی سال کے دوران پشاورشہر کی ترقی کے لئے کئی اہم منصوبوں کااعلان کیا گیا ہے۔ان منصوبوں کے تحت پشاور میں 23کلومیٹر پر محیط علاقے میں ریپڈ بس سروس شروع کی جائے گی جس پر 20ارب روپے کی لاگت آئے گی۔یہ منصوبہ دسمبر2017تک ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے مکمل ہوگا اس کے علاوہ دسمبر2016تک پشاور میں نجی شعبے کے تعاون سے 100نئی ائرکنڈیشنڈ بسیں بھی چلائی جائیں گی۔علاوہ ازیں صوبائی بجٹ میں پشاور میں سڑکوں کی تعمیرکے کئی منصوبے شامل ہیں ناردرن بائی پاس سے ورسک روڈتک سڑک کی تعمیر پر 5ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ ورسک روڈ سے حیات آباد تک 5ارب روپے کی لاگت سے نئی سڑک تعمیر کی جائے گی۔15کلومیٹر طویل پشاور کوہاٹ بائی پاس کے لئے زمین کے حصول کیلئے 50کروڑروپے مختص کئے گئے ہیں علاوہ ازیں اندرون شہر سڑکوں کی تعمیر کے لئے کئی کروڑروپے مختص کئے گئے ہیں اس کے علاوہ ناساپا کے مقام پر تقریباً44کروڑ روپے کی لاگت سے بچوں کے لئے زمونگ کورکامنصوبہ شامل کیا گیا ہے۔