کراچی (این این آئی)ڈاکٹر عاصم پر 17 ارب کے کرپشن ریفرنس میں منگل کو بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔عدالت نے ریفرنس میں نامزد ملزم بشارت مرزا کی درخواست پر نیب سے4 جولائی کو جواب مانگ لیا جبکہ ڈاکٹر عاصم نے دوسرے روز بھی صحافیوں سے دلچسپ مکالمہ کیا۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کیخلاف 17 ارب کے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی تو نامزد ملزم شعیب وارثی، ذوہیر صدیقی، خالد رحمان و دیگر بھی پیش ہوئے۔ ریفرنس میں نامزد ملزم بشارت مرزا کے وکیل نے فرد جرم رکوانے کیلئے ایک بار پھر درخواست دائر کی۔وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب انکوائری میں ان گواہوں کے بیانات کو کارروائی کا حصہ نہیں بنایا گیا جو ملزموں کے حق میں تھے۔ سندھ ہائیکورٹ نے بھی حکم دیا کہ ان بیانات کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔عدالت نے ملزم بشاورت مرزا کی درخواست پر نیب سے چار جولائی کو جواب طلب کر لیا۔سماعت ختم ہوئی تو ڈاکٹر عاصم نے صحافیوں سے ایک بار پھر دلچسپ گفتگو کی۔ صحافی نے سوال کیا کہ ڈاکٹر صاحب آپ نے کل سے کپڑے تبدیل نہیں کئے ؟ ڈاکٹر عاصم نے جواب دیا کہ غریب آدمی ہوں، روز کپڑے تبدیل نہیں کر سکتا۔صحافی نے کہا ڈاکٹر صاحب آپ اور غریب کون یقین کرے گا؟ ڈاکٹر عاصم نے بڑا دلچسپ جواب دیا کہ ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ رمضان میں اللہ کا نام لے رہا ہوں اور دعا کر رہا ہوں کہ ملک پر اللہ اپنی رحمت نازل کرے۔