کراچی(این این آئی)سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے دعوی کیاہے کہ جولائی کے بعد پاکستان کی سیاست میں کافی تبدیلیاں آئیں گی اور وزیراعظم نظرنہیں آئیں گے ،پہلے دن سے کہہ رہاہوں کہ پانامالیکس کے حوالے سے انہیں گھر جانا پڑے گا۔میڈیاسے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ آزاد حیثیت میں مزے لیتے ہوئے سب پارٹیوں کو دیکھ رہاہوں ، جو بھی صلاح مشورہ کرناہوا، جولائی کے بعد ہی کروں گا لیکن فی الحال مصطفی کمال کی پارٹی میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس گڈ گورننس تو کیا گورننس نام کی بھی کوئی چیز نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک قرضوں میں ڈوب چکا ہے،اگر حکومت آج ہی چلی جائے تو پھر بھی سسٹم چلانے اور عالمی بینک سے قرض کیلئے پھر کسی انٹرنیشنل کمیونٹی سے ڈیل کرنی پڑے گی۔ایک سوال کے جواب میں نبیل گبول نے کہا کہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن اپنی پارٹی کی طرف بھی توجہ دے کیونکہ انکے اندر بھی بغاوت شروع ہو چکی ہے، مثال کے طورپر اسحاق ڈار کی وجہ سے بہت سے اراکین ناراض ہیں۔