لاہور ( این این آئی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کے خلاف ایک اور توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی جس کے بعد درخواستوں کی مجموعی تعداد 116ہو گئی ۔ گزشتہ روز ڈیفنس فیز 3لاہور کے رہائشی ناصر احمد عرف سیف خان نے آئی جی پنجاب کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی ۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میرے خلاف مختلف اضلاع میں ذاتی رنجش اور دشمنی کی بنیاد پر کئی مقدمات درج کیے گئے ۔ جس پر پولیس کی طرف سے مقدمات درج کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ۔ مقدمات کے خلاف درخواست پر ایڈیشنل آئی جی ویجیلنس کو وجوہات کا تعین کرنے کے لئے کہا گیا ۔ ایڈیشنل آئی جی ویجیلنس نے سفارشات پر مشتمل رپورٹ تیار کی ۔ عدالت نے ایڈیشنل آئی جی ویجیلنس کی سفارشات پر عملدرآمد کرنے کا حکم دیا تھا مگر عدالتی حکم کے باوجود سفارشاتی رپورٹ پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ۔ درخواست گزار کی طرف سے استدعا کی گئی کہ حکم عدولی پر آئی جی پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔