نیویارک(آئی این پی )امریکی صدارتی انتخابی مہم کے دوران ایک دوسرے پر برسنے والے ڈیموکریٹ اور ری پبلکن امیدواروں ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ میں ٹوئٹر پر لفظی جنگ چھڑ گئی، ڈونلڈ کے ٹوئٹ پر ہلیری کلنٹن نے انہیں اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا مشورہ دے ڈالا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی عہدہ صدارت کے امیدوار انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ ٹوئٹر پر بھی مدمقابل آگئے،صدر اوباما کے ہلیری کلنٹن کی حمایت والے بیان پر ڈونلڈ ٹرمپ نے تنقیدی ٹوئٹ کیا تو ہلیری کلنٹن بھی پیچھے نہ رہیں اور فورا منہ توڑ جواب دے ڈالا۔ہلیری کلنٹن نے جوابی ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا کہ بہتر ہوگا کہ وہ اپنا ٹوئٹر اکانٹ ڈیلیٹ کردیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اگلے ٹوئٹ میں ہلیری کلنٹن کے اسٹاف اور ای میلز ڈیلیٹ کرنے کا معاملے پر تنقید کی۔ہلیری اور ٹرمپ کی لفظی تکرار وائرل ہوگئی اور ایک گھنٹے کے دوران ایک لاکھ تیس ہزار مرتبہ ری ٹوئٹ کیا گیا۔