بدھ‬‮ ، 27 مئی‬‮‬‮ 2026 

مسلم لیگ (ن) نے الیکشن سے پہلے ہی آزادکشمیر کیلئے بہت بڑا اعلان کردیا

datetime 6  جون‬‮  2016 |

اسلام آباد (این این آئی) مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیرنے منشور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وفاقی حکومت کی طرف سے آزاد کشمیر کیلئے ترقیاتی ایجنڈے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ 50 ارب روپے سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے آئندہ پانچ سال میں خرچ کئے جائیں گے، ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال بنائے جائیں گے اور جہاں پر ہسپتال پہلے سے موجود ہے ان کو اپ گریڈ کیا جائے گا،منگلا ڈیم کے متاثرین کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائیگی ٗ وزیراعظم کی ہدایت پر اس کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائیگا، میرپور شہر اور ملحقہ علاقوں کیلئے سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گا، ضلع سدہنوتی میں جدید یونیورسٹی اور ضلع بھمبر میں ایک زرعی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا، آزاد کشمیر میں رواں سال ستمبر میں تھری جی اور فور جی سروس کا کام شروع کیا جائے گا، لوڈ شیڈنگ پر 2018ء تک قابو پا لیا جائے گا، آزاد کشمیر کی حکومت ووٹ کے ذریعے حاصل کرے گی، آزاد کشمیر کے انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کو220 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ دوسری جماعتیں آپس میں اتحاد کے چکر میں لگی ہوئی ہیں، ہم نے جو اعلانات کئے ہیں ان کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر اور وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید ٗ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے پیر کو کشمیر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت اور ترقی کیلئے ایک جامعہ انتخابی منشور تیار کیا ہے، یہ وہ عملی اقدامات ہوں گے جن کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی کے بعد عملی جامع پہنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے وفاق کی جانب سے آزاد کشمیر کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے صحت ، تعلیم اور انفراسٹرکچر کیلئے وسائل کے ایک جامع پروگرام بنانے کیلئے ہدایات دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں آزاد کشمیر کی سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے 50 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ میر پور مظفر آباد ایکسپریس وے کو جلد مکمل کیا جائے گا جبکہ ٹنل منصوبے پر کام کا آغاز 2016-17ء میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کیلئے پانچ ایئر ایمبولس ہیلی کاپٹر مہیا کئے جائیں گے جو ایمرجنسی کی صورت میں طبی امداد فراہم کریں گے۔ میر پور شہر ا ور ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جس سے سے میر پور اور ملحقہ علاقوں کی ضروریات پوری کی جائے گی۔ انہوں نے میر پور شہر میں سوئی گیس کا دفتر کھولنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے احکامات کی روشنی میں منگلا ڈیم کے متاثرین کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے گی اور وزیراعظم کو اس کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کیلئے بھیجی جائیں گی۔ ضلع سدہنوتی میں ایک جدید یونیورسٹی اور ضلع بھمبر کیلئے ایک زرعی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ مظفرآباد کی خوبصورتی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ آزاد کشمیر کے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بنائیں گے، وہاں پر نئے ٹراما سنٹر بھی قائم کئے جائیں گے اور جہاں پہلے سے ہسپتال موجود ہے ان کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو اعلانات کئے گئے ان پر مکمل عملدرآمد کرائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں برجیس طاہر نے کہا کہ رواں سال ستمبر میں آزاد کشمیر میں تھری جی اور فور جی پر کام شروع کیا جائے گا اور اس حوالے سے قانونی تقاضے پورے کئے جا رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کشمیر کے عوام کیلئے کہوٹہ تا آزاد پتن شاہراہ کا منصوبہ شروع کیا ہے جس پر ایک ارب روپے کی لاگت آئے گی اور اس منصوبہ کو ایک سال میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کشمیر کے عوام سے لگاؤ رکھتے ہیں ۔ وزیراعظم نے آزاد کشمیر کیلئے پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے 35 ارب روپے کا اعلان کیا ہے۔ بہت سے منصوبوں کے پی سی ون بن چکے ہیں ۔ وزیراعظم نے کبھی یہ پرواہ نہیں کی کہ آزاد کشمیر میں ان کی حکومت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں کشمیر کونسل کا بجٹ مظفرآباد میں پاس کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آزاد کشمیر کی پارلیمنٹ کیلئے ڈھائی ارب روپے مختص کئے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں برجیس طاہر نے کہا کہ ہم نے جو اعلانات کئے ہیں اس پر عملدرآمد ضرور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر ہماری حکومت آنے کے بعد لوڈ شیڈنگ پر کافی حد تک کمی آئی ہے، پہلے لوڈ شیڈنگ 22،22 گھنٹے ہوتی تھی اب وہ لوڈ شیڈنگ 6 سے 8 گھنٹے تک پہنچ چکی ہے۔ 2018ء تک لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی کے حوالے سے قطر کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے جس سے تمام فیکٹریوں کو گیس فراہم کی گئی ہے اور بجلی کی فراہمی بھی 24 گھنٹے یقینی بنا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دو مرتبہ آزاد کشمیر کی حکومت کو ختم کرنے کیلئے عدم اعتماد کا موقع ملا لیکن ہم ووٹ کی طاقت سے آزاد کشمیر میں حکومت بدلنے جا رہے ہیں، یہ ویژن وزیراعظم محمد نواز شریف کا تھا کہ آزاد کشمیر کی حکومت ووٹ کے ذریعے حاصل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہم نے آزاد کشمیر کی حکومت کو پانچ سال موقع دیا ہے اور ان کو سینکڑوں ارب روپے فنڈز بھی فراہم کئے۔ انہوں نے 300 ارب روپے خرچ کئے ہیں لیکن آزاد کشمیر کی حکومت کوئی بھی میگا پراجیکٹ نہ بنا سکی۔ انہوں نے وفاق سے جتنی بھی رقم ڈیمانڈ کی ہم نے انہیں فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت نے پانچ سالوں کے دوران لوگوں کو بے وقوف بنایا، اب ان کے احتساب کا وقت آ چکا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کا وقت آچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ساتھ وزیراعظم کا دلی لگاؤ ہے اور وہ کشمیر کے عوام کی ترقی ، خوشحالی اور فلاح وبہبود کیلئے نیک تمنا رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کیلئے جو میگا پراجیکٹ دے رہے ہیں ان کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر اطلاعات نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کئے ہیں اسی وجہ سے وزیراعظم محمد نواز شریف کو عوام نے تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جب ہماری حکومت قائم ہو گی تو عوام کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کیلئے 29 سیٹوں کیلئے مسلم لیگ (ن) کو 220 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ دوسری سیاسی جماعتیں آپس میں اتحاد کررہی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) واحد سیاسی جماعت ہے جو آزاد کشمیر میں اکیلے انتخابات میں حصہ لے گی، ہمیں پورا یقین ہے کہ آزاد کشمیر میں ہماری حکومت کامیابی حاصل کرے گی اور آزاد کشمیر میں ہم حکومت بنائیں گے ۔ کرپشن کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کو گرفت میں لیا جائے گا اور بدعنوانی کے راستے کو روکا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام انتخابات میں احتساب کرتے ہیں۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



اللہ سے خوش قسمتی مانگو


’’علم کے ساتھ مقدر بھی چاہیے‘ تم خوش قسمتی کی…

’’پیٹر تم دس دن کہاں غائب رہے‘‘

کیلیفورنیا کے اس نرسنگ سکول کا پرچہ بہت دل چسپ…

پانچ سو ڈالر

وہ محمد منور کو تلاش کر رہا تھا‘ اس نے محمد منور…

تھینک گاڈ

برطانیہ کی کلارک فیملی اس کی شان دار مثال ہے‘…

آئی سٹل لو یو

یہ بنیادی طور پر محبت کی کہانی تھی‘ جارج سمتھ…

’’آزادی کی ہوا چل رہی ہے‘‘

یہ 1882ء کی ایک گرم دوپہر تھی‘ ہارورڈ یونیورسٹی…

موسمی پرندے

’’ مجھے سمجھ نہیں آ رہی‘‘ نوجوان وزیر نے دانشور…

آپریشن بنیان المرصوص (آخری حصہ)

سر ونسٹن چرچل لوگوں کو ہمیشہ خوش نصیبی کی دعا…

آپریشن بنیان المرصوص (چوتھا حصہ)

مئی کی پاک بھارت جنگ پہلگام کے واقعے سے سٹارٹ…

آپریشن بنیان المرصوص(تیسرا حصہ)

ہمیں کہانی کو آگے بڑھانے سے قبل ایک اور حقیقت…

آپریشن بنیان المرصوص(دوسرا حصہ)

ظہیر احمد بابر کا کیریئر بظاہر ائیر کموڈور پر…